لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب نے شام کی عرب لیگ میں واپسی کا عندیا دے دیا ہے تاہم یہ بھی کہا ہے کہ ایسے اقدام پربات کرنا قبل از وقت ہوگا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام کے ساتھ رابطوں میں اضافہ 10 سال سے زیادہ تنہائی کے بعد عرب لیگ میں اس کی واپسی کیلئے مدد گارثابت ہوسکتا ہے، تاہم فی الحال ایسے اقدام پر بات کرنا قبل ازوقت ہوگا، عرب دنیا میں اس اتفاق رائے میں اضافہ ہو رہا ہے کہ شام کو تنہا کرنا سود مند نہیں،خدشات دور کرنے کیلئے شام کیساتھ بات چیت ضروری ہے، خاص طور پر وہاں کی انسانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دمشق کی عرب لیگ میں واپسی ہوسکتی ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شام کو دعوت دینے کے سوال پر کہا کہ اس بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہے، لیکن میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ عرب دنیا میں اتفاق رائے ہےاور یہ کہ جمود جاری نہیں رہ سکتا، اس کا مطلب ہے کہ ہمیں اس پر قابو پانے کا راستہ تلاش کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ شام کو 2011 میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف مظاہروں کے دوران خونریز کریک ڈاو¿ن کے بعد باقی عرب دنیا سے کافی حد تک الگ کر دیا گیا تھا،اور اسی سال عرب لیگ نے شام کی رکنیت معطل کر دی تھی اور کئی عرب ممالک نے اپنے سفیروں کو بھی واپس بلا لیا تھا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Shaam-ki-arab-Leauge-1200x480.jpg)