اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)بھارت میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں اجلاس رواں سال مئی میں بھارت میں منعقد ہو رہا ہے،اس اہم اجلاس میں پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شریک ہوں گے یا نہیں،اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتا دیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں اجلاس رواں برس انڈیا میں ہو گا،سربراہان مملکت سے قبل وزرائے خارجہ کا اجلاس مئی میں انڈیا کے شہر گووا میں ہو گا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کریں گے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کے زریعے ظلم و ستم کر رہا ہے آزاد کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ چھوڑنا ہو گا،بھارتی رہنما اپنے سیاسی عزائم کے لیے بین الاقوامی تنازعات پر گفتگو سے پرہیز کریں۔دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایشیاءپیسفک میں ہونے والی گروپ بندی کو دیکھ رہا ہے، دنیا کو بھارت کے ہمسایہ ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کا دیکھنا چاہیے،بھارت پڑوسی ممالک بالخصوص پاکستان میں دہشتگردی کا ایک بڑا ذریعہ ہے،وزارت خارجہ میں افغان امور کے لیے خصوصی ڈیسک کام کررہا ہے، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری احسن شاہ افغان امور سر انجام دے رہے ہیں، جب مناسب وقت آئے گا تو بلاول بھٹو زرداری افغانستان کا دورہ کریں گے۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکہ کے اہم دورے پر ہیں، وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر مظالم پر بات کی، انہوں نے اسلام میں خواتین کے حقوق اور کردار پر کانفرنس سے خطاب کیا، امریکہ اور پاکستان کے درمیان انسداد دہشت گردی پر اہم مشاورت ہوئی، 2016ءکے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشت گردی پر ڈائیلاگ ہوا، پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، آئندہ ہفتے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بحرین اور برطانیہ کے اہم دورے کریں گی، حنا ربانی کھر 10 مارچ کو بحرین میں مناما کانفرنس میں شرکت کریں گی،حنا ربانی کھر برطانیہ میں کامن ویلتھ فارن منسٹرز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گی۔