لاہور(سٹاف رپورٹر)سابق گورنر پنجاب اور مسلم لیگ ن سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)میں شامل ہونے والے چودھری محمد سرور نے پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق پی ٹی آئی سے علیحدہ ہونے والے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے چودھری شجاعت حسین کے ساتھ ہاتھ ملا لیا ہے ، چودھری سرور کے قریبی ذرائع نے سابق گورنر کی ق لیگ میں شمولیت کے حوالے سے تصدیق کردی ہے۔مسلم لیگ ق میں چودھری سرور کو اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، چودھری سرور کی ق لیگ میں شمولیت کا باضابطہ اعلان اتوار کو کیا جائے گا۔ اس حوالے سے چودھری محمد سرور کی طرف سے برطانیہ سے پاکستان پہنچ کر 12 مارچ کو لاہور میں پریس کانفرنس میں اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق سابق گورنر پنجاب چودھری سرور لاہور واپسی پر مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گے، چودھری سرور کو پارٹی چیئرمین یا پھر پنجاب کی پارٹی صدارت کا عہدہ دیئے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ چودھری پرویز الٰہی مسلم لیگ ق چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ اب چودھری سرور نے لے لی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب چودھری سرور کو مسلم لیگ ق میں اعلیٰ عہدے سے نوازا جائے گا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Ch-Sarwar-1200x480.jpg)