ٹک ٹاک نے نیا فیچرمتعارف کرادیا

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں چین کی مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ’ٹک ٹاک‘ نے اپنے صارفین کیلئے پیسے کمانے کا ’سیریزالبم ’نامی ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی وائرل ویڈیوز سے اضافی آمدنی سے حاصل کر سکیں گے،سیریز کے لیے اہل صارفین اپنی ویڈیوز کو ایک البم میں رکھ کر ان تک رسائی پیسوں کے عوض فراہم کریں گے۔’ ٹک ٹاک‘ کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اس ویڈیو البم کو سیریز البم کہا جائے گا، بنیادی طور پر ایک سیریز البم 80 ویڈیوز پر مشتمل ہوگا جس میں ہر ویڈیو کا دورانیہ 20 منٹ تک کا ہوگا، یہ فیچر ابھی محدود صارفین کو دستیاب ہے مگر بہت جلد اسے بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جائے گا۔بلاگ پوسٹ میں بتایا گیاکہ یہ ہماری جانب سے صارفین کو کمانے کے لیے فراہم کیے گئے مواقع میں نیا اضافہ ہے،صارفین ہی طے کریں گے کہ ان کی کسی سیریز البم کو دیکھنے کی فیس کتنی ہوگی جو ایک سے 190 ڈالرز کے درمیان رکھی جائے گی،اس آمدنی میں سے صارفین کو’ ٹک ٹاک‘ کوئی حصہ نہیں دینا ہوگا، البتہ سیریز کا حصہ بننے کے لیے انہیں فیس دینا ہوگی۔’ٹک ٹاک‘ کی جانب سے کتنی فیس صارفین سے لی جائے گی، ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے،اور یہ بھی معلوم نہیں کہ کوئی صارف سیریز کے لیے کیسے اہل قرار پائے گا، البتہ کمپنی کے مطابق اس میں شمولیت کے لیے درخواستوں کا آپشن جلد متعارف کرایا جائے گا۔اس کے علاوہ’ ٹک ٹاک‘ کی جانب سے کریٹیرفنڈ میں بھی تبدیلیوں پرغور کیا جا رہا ہے کیونکہ ابھی اس سے صارفین کے لیے آمدنی کافی مشکل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں