تحریک انصاف کی ریلی میں قتل ہونے والے علی بلال کا والد اغوا،انتہائی تہلکہ خیز دعویٰ

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی میں شہید ہونے والے علی بلال کے والد کو اغوا کرلیا گیا ہے،دوسری طرف سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں مقتول علی بلال کے والد اپنے باریش رشتہ دار کے ہمراہ کھڑے ہیں،ان کے ساتھ کھڑا شخص کہہ رہا ہے کہ شہید علی بلال کے والد خیریت سے اور اپنے گھر میں ہی ہے،برائے مہربانی فیک خبریں نہ پھیلائیں اور نہ ان پر یقین کریں،ہم پہلے ہی بہت پریشان ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ انصاف وکلا ونگ کے مطابق ان کے کارکن علی بلال شہید کے والد کو کل جنازے کے بعد اغواء کر لیا گیا ہے،علی بلال کے والد اور ان کے خاندان کے لوگ پولیس کی حراست میں ہیں،اب وہی ہو گا جو ہوتا ہے،پولیس کی حراست سے ایک ویڈیو آئے گی کہ ہم نے محسن نقوی اور پولیس کو معاف کیا لیکن یہ ملک ان کو معاف نہیں کرے گا،نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اس سارے معاملے کا ولن ہے،دیکھتا ہوں وہ کتنا عرصہ کرسی سے چمٹ کر بیٹھا رہے گا؟اس نے ایک دن کرسی سے اترنا ہے اور جس دن کرسی سے اترنا ہے سیدھا پھانسی گھاٹ جانا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے بدھ 8 مارچ کو زمان پارک سے پنجاب ضمنی الیکشن کی انتخابی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔لاہور پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی،تصادم کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور متعدد کارکنان زخمی ہوگئے۔اس موقع پر پارک جہانگیر ٹاون لاہور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کارکن علی بلال جاں بحق ہو گئے تھے۔تحریک انصاف کے رہنماوں کی جانب سے علی بلال کے قتل کا ذمے دار لاہور پولیس کو ٹھہرایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی وکیل نے علی بلال کے والد کی مدعیت میں واقعہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لئے جو درخواست جمع کرائی تھی اس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ،آئی جی پنجاب،سی سی پی او اور متعلقہ پولیس افسران کو نامزد کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں