اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے معروف اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود کے پروگرام پر دو ہفتوں کے لیے پابندی عائد کردی۔
پیمرا کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نجی ٹی وی چینل جی این این پر نشر ہونے والے پروگرام ’لائیو ود ڈاکٹر شاہد مسعود ’ پر دو ہفتوں کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے جھوٹی خبریں سناتے ہوئے جی این این کے پروگرام ’لائیو ود ڈاکٹر شاہد مسعود‘ میں حکومتِ سندھ کی جانب سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے دی جانے والی امداد کے حوالے سے بے بنیاد تبصرہ کیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وہ پروگرام 16 فروری 2023 کو نشر کیا گیا تھا اور اس پروگرام میں کی گئی باتوں سے دونوں برادر ممالک کے سفارتی تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے کیونکہ عالمی میڈیا میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے طور پر اس کا حوالہ دیا گیا تھا۔پیمرا نے کہا کہ اس پروگرام میں جو مواد نشر کیا گیا وہ سوشل میڈیا پر چلنے والی ایک ویڈیو کلپ سے لیا گیا، بعدازاں 20 فروری کو چینل کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا اور ذاتی طور پر سماعت کا ایک موقع دیا گیا تھا لہٰذا چینل کی طرف سے دیے گئے جواب پر غور کرنے کے بعد آج سے پروگرام ’لائیو ود ڈاکٹر شاہد مسعود‘ پر دو ہفتوں کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Dr.-shahid-masood-1200x480.jpg)