لاہور(وقائع نگار خصوصی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور نجی ٹی وی چینل کے مالک سید محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سربراہ عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے واضح اور دوٹوک پیغام بھی جاری کر دیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی )پنجاب پولیس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عمران خان سے اپیل ہے وہ سیاست ضرور کریں مگر جھوٹ نہ بولیں،ہم پر الزامات اور غلط بیانی نہ کریں،سیاست کر لیں لیکن لوگوں کو گمراہ نہ کریں،ہمیں اپنا کام کرنے دیں،پہلے مجھے سیاست میں ڈالا گیا پھر سازش اور اب قتل میں ڈال دیا گیا، اگر آپ سمجھیں گے کہ میں پریشر میں آ جاوں گا تو ایسا نہیں ہو گا،دھمکیوں، گالم گلوچ،ٹوئٹ کے آگے سرنڈر نہیں کروں گا، 30اپریل کو الیکشن ہوگا،ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو غلط ہے،ان لوگوں نے میرے اور پولیس کیساتھ بہت زیادتی کی۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی موت پولیس تشدد سے نہیں بلکہ گاڑی کی ٹکر سے ہوئی، ہمارے پاس رپورٹ آئی ہے پی ٹی آئی کارکن تشدد سے جاں بحق نہیں ہوا، کالے رنگ کی گاڑی چھ بج کر 52 منٹ پر بلال کو سروسز ہسپتال چھوڑ کر گئی، کار کے مالک راجہ شکیل نے حادثے کی اطلاع ساڑھے 8بجے ڈاکٹر یاسمین راشد کو دی، زبیر نیازی کو بھی حادثے سے متعلق اطلاع دی گئی،گاڑی کا مالک راجہ شکیل اگلے دن یاسمین راشد کے ساتھ زمان پارک گئے، مجھ پر پہلے سازش اب قتل کا الزام لگا دیا گیا، حادثے کا پتہ ہونے کے باوجود سب نے الزام تراشی کی، آپ سیاست کریں ہم نہیں روک رہے، عمران خان سے اپیل ہے سیاست ضرور کریں مگر جھوٹ نہ بولیں،ہم پر الزامات اور غلط بیانی نہ کریں۔