کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وزیر اعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کے کپڑے سلامت ہیں لیکن قوم بے لباس ہوگئی ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا دل کرتا ہے کپڑے بیچ دوں، البتہ وزیراعظم کے کپڑے سلامت ہیں لیکن قوم بے لباس ہوگئی ہے، حکمرانوں کی عیش وعشرت میں کوئی کمی نہ آئی،سابقہ دور حکومت میں پیپلز پارٹی نے مہنگائی مارچ جب کہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر جماعتوں نے احتجاج کیا، آج حکومت میں آنے کے بعد یہ جماعتیں خاموش ہیں، مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے ملک گیر احتجاج کیا،مغرب میں کرسمس پر اشیاء ضروریہ سستی ہو جاتی ہیں،رمضان المبارک قریب ہے،لہٰذا چیزوں کی قیمتیں کم ہونی چاہئیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں لوگوں نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیا ہے۔اگر اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن غیر جانبدار ہے تو ہم ان سیاسی جماعتوں کا بھرپور مقابلہ کر سکتے ہیں،کراچی میں پیپلز پارٹی نتائج بدلنا چاہتی ہے۔حکومتی وسائل اور انتخابی عملہ استعمال کر کے دھاندلی کی گئی۔الیکشن کمیشن دباو میں آنے کے بجائے انتخابی عمل کو فی الفور مکمل کروائے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/ameer-Jamaat-islami-says-shehbaz-sharif-1200x480.jpg)