سابق گورنر چوہدری سرور ق لیگ پنجاب کے صدر بن گئے

لاہور(وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)چھوڑ کے خاموشی اختیار کرنے والے معروف سیاسی رہنما اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکو پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کا صدر بنا دیا گیا ہے،اس سے قبل یہ عہدہ چوہدری پرویز الٰہی کے پاس تھا جوتحریک انصاف میں شامل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے مرکزی صدر بنا دیئے گئے ہیں ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے گزشتہ روز ق لیگ کے صدر اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی اور خبر سامنے آئی تھی کہ انہوں نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی ہے،جس کی اب تصدیق ہو گئی ہے اور یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ انہیں پارٹی میں صوبہ پنجاب کی صدارت سونپ دی گئی ہے۔پارٹی صدارت سونپے جانے کے بعد ایک بار پھر چوہدری سرور نے چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی ہے ، چوہدری سرور کل ایک بجے مسلم لیگ ہاوس میں پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، چوہدری سرور مسلم لیگ ق کے مرکزی چیف آرگنائزر اور پنجاب کے صدر کی ذمہ داری سرانجام دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں