پشاور(سٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام ف سے تعلق رکھنے والے اور مولانا فضل الرحمان کے قریبی عزیز،گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف آرٹیکل 6 سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملکی صورتحال صدر کے خلاف کارروائی کرنے کی متحمل نہیں ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ میں صدر اور الیکشن کمیشن کو ایک میز پر بیٹھا کر الیکشن پر مشاورت کرنا چاہتا تھا لیکن کامیاب نہیں ہوا،اب بھی آخری دم تک کوشش ہوگی کہ پرامن،آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کراوں۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت نے مشاورت کے بعد مجھے ایک خط بھیجا اور میں نے نگران صوبائی حکومت کے تحفظات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کیونکہ الیکشن کمیشن کو رائے دینا میرا اور نگران صوبائی حکومت کا حق ہے،میں نے تاریخ بھی دینی ہے اور تمام ذمہ داری بھی پوری کرنی ہے۔گورنرحاجی غلام علی نے کہا کہ اپنے بارے میں میڈیا سے خبر ملی مگر آئین شکنی کے حوالے سے کوئی لیگل نوٹس موصول نہیں ہوا،اگر عمران خان کا 25 سالہ تجربہ ہے تو میں 40 سال سے منتخب ہوتا آرہا ہوں، ملکی صورتحال صدر مملکت کے خلاف کارروائی کرنے کی متحمل نہیں ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Khyber-Pakhtunkhwa-Governor-Haji-Ghulam-Ali-1200x480.jpg)