سردار یار محمد رند کے بیٹے کے قافلے پر خودکش حملہ

بولان(خصوصی نمائندہ)بلوچستان کے ضلع بولان میں رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند کے بیٹے سردار خان رند کے قافلے پر دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں دو سیکیورٹی گارڈز جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق رکن بلوچستان اسمبلی سردار یار محمد رند کے بیٹے اورچیئرمین رند قومی اتحاد سردار زادہ میر سردار خان رند کے قافلے پر سنی کے علاقہ نوشمان کے قریب خود کش دھماکہ ہوا ہے ،دھماکے میں سردار زادہ میر سردار خان رند بال بچ گئے تاہم ان کے دو سیکیورٹی گارڈ جان کی بازی ہار گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر فہد شاہ راشدی نے بتایا کہ سردار خان رند کے قافلے کو ضلع بولان کے علاقے سنی شوراں میں نشانہ بنایا گیا، آئی ای ڈی دھماکے میں دو محافظ جاں بحق اور ایک زخمی ہوا جبکہ دھماکے میں سردار خان رند کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈھاڈر منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈھاڈر سٹیشن ہاوس افسر شوکت نے تفصیلات کی تصدیق کی۔رکن صوبائی اسمبلی نے پولیس اہلکار کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میرے بڑے بیٹے سردار خان رند کے قافلے کو نشانہ بنا گیا،تاہم وہ محفوظ ہیں البتہ قافلے میں شامل چند افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔دوسری طرف وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع اور زخمیوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے حکم دیا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،دہشت گرد عناصر خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن صوبے میں امن و امان کی صورت حال ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔عبدالقدوس بزنجو نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں