تحریک انصاف نے لاہور کو بڑی تباہی اور تصادم سے بچا لیا،ایک بار پھر ریلی موخر کر دی

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے حکومت کی جانب سے دفعہ 144کے نفاذ اور رینجرز کی تعیناتی کے بعد کسی ممکنہ تصادم اور خون خرابے سے بچنے کے لئے ایک بار پھر ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور اتوار کے روز کسی بڑے تصادم سے بچ گیا ہے ۔پی ٹی آئی نے آج ہونے والی ریلی ایک روز کے لئے موخرکردی ہے ۔لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت تصادم کی آڑ میں انتخابات سے فرار چاہتی ہے،یہ پی ٹی آئی کو ہر طرح سے پریشان کرنا چاہتے ہیں،ہمارا مقصد الیکشن کا حصول ہے،پی ٹی آئی سمجھتی ہے طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں،صرف امتیازی سلوک تحریک انصاف،عمران خان اور پی ٹی آئی کارکنوں سے کیا جا رہا ہے،ہم نے ان کی چال میں نہیں آنا جس میں یہ ہمیں دھکیلنا چاہتے ہیں،اگر کوئی ڈرامہ نہیں ہے ،کوئی دھوکہ نہیں ہے تو ہم انہیں ایک موقع اور دینا چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو عمران خان کا پیغام ہے کہ آپ نے پر امن رہنا ہے،تھریٹ الرٹ کے باوجود پی ایس ایل اور میراتھون ریس ہو رہی ہے،ہم کوئی موقع نہیں دینا چاہتے،ہم سیاسی لوگ ہیں،ہمیں ہر پاکستانی کی جان عزیز ہے،فیصلہ مزید خون خرابے سے بچنے کے لئے کیا ہے،عمران خان کا حکم ہے کہ کارکنوں نے ہر صورت پر امن رہنا ہے،دوسرے شہروں سے آنے والے قافلے اپنا سفر جاری رکھیں،ان کی چال میں نہیں پھنسنا،نگران حکومت تصادم چاہتی ہے لیکن ہم تصادم نہیں چاہتے ،ہم ان کے ٹریپ میں نہیں آئیں گے اور کل پر امن ریلی نکالیں گے۔دوسری طرف پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ان کی ابھی عمران خان کے ساتھ بات ہوئی ہے،پی ٹی آئی نے ریلی ملتوی کردی ہے،ریلی کل یا بعد میں بھی ہوسکتی ہے،ہم پرامن انتخابات اور پر امن انتقال اقتدار چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں