ریلی منسوخ کرنے کے بعد عمران خان کا کارکنوں کے نام پیغام جاری

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی آج ہونے والی ریلی منسوخ کرنے کے بعدپارٹی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کارکنوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ اور پولیس 8 مارچ کی طرح تصادم کرانا چاہتے ہیں،میں اپنے کارکنوں کو زخم لگتا نہیں دیکھ سکتا،کارکن ان کے جھانسے میں نہ آئیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں دیگر تمام سرگرمیاں جاری ہیں،صرف زمان پارک کے اطراف کنٹینرز اور پولیس تعینات کردی گئی،لگتا ہے پی ٹی آئی کی الیکشن مہم روکنے کے لئے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ اور پولیس 8 مارچ کی طرح پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مزید جعلی ایف آئی آر درج کرنے اور انتخابات کو ملتوی کرنے کے لیے تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں،انتخابی شیڈول کے بعد سیاسی سرگرمیوں پر کیسے پابندی لگائی جاسکتی ہے؟الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے تو پولنگ سرگرمیوں پر دفعہ 144 کیسے لگائی جا سکتی ہے؟۔

عمران خان نے کہا کہ میں تمام پی ٹی آئی ورکرز سے کہہ رہا ہوں کہ وہ جھانسے میں نہ آئیں،اس لیے ہم نے ریلی کل تک ملتوی کر دی ہے،زمان پارک سیل کرنے کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں نکلے لیکن میں اپنے کارکنوں کو زخم لگتا نہیں دیکھ سکتا،نہ ہی عوام اور پولیس کو چوٹ پہنچانے کی اجازت دوں گا،صرف اس لیے یہ فاشسٹ ہمارے خلاف مزید ایف آئی آر درج کر سکتے ہیں اور انتخابات سے بھاگنے کا بہانا تلاش کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں