اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ٹرانسجینڈر سے متعلق قانون کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اللہ کے دین سے باغی اور دجالی نظام موجود ہے،جس میں ٹرانسجینڈرز کے حوالے سے مخصوص سوچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پارلیمان سمیت ہر جگہ پوری قوت سے شریعت کے دفاع کی کوشش کی ہے،موجودہ حکومت کو اس معاملے کو سدھارنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ باغی اور دجالی نظام کا بڑا ہدف ہے کہ لادینیت اور بے حیائی کو غیرفطری ماحول پیدا کر کے مرد وعورت کے درمیان غیر فطری چیزوں کو فروغ دیا جائے،سوشل انجینئرنگ کے ذریعے سوشل میڈیا تباہی کی بنیاد بنتا جا رہا ہے۔
