عمران خان نے لاہور میں کل پھر ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے کل(سوموار کے روز)دوبارہ ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت سابق وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز کا کہنا تھا کہ ریلی کل(سوموار کے روز)دوپہر دو بجے زمان پارک سے نکالی جائے گی اور داتا دربار جائے گی،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی زمان پارک سے براستہ علامہ اقبال روڈ ریلوے سٹیشن سے ہوتی ہوئی داتا دربار پہنچے گی۔تحریک انصاف نے اس ضمن میں ایک مرتبہ پھر ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دے دی ہے جس میں 13 مارچ کو ریلی نکالنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کو دی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 12 مارچ کو پی ٹی آئی کو ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی لیکن 12 مارچ کو ہی مسلم لیگ ن نے اپنے کنونشن کا انعقاد کیا،ن لیگ کے کنونشن کیلئے پولیس نے انہیں سیکیورٹی بھی فراہم کی،یہ رویہ جانبدارانہ ہے، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آج کے لئے پابندی کا اعلان کیا تھا جب کہ 13 مارچ کے حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ نے کوئی پابندی نہیں لگائی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لاہور کو دی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بھی سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی عائد نہیں کی ہے،ریلی کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کو سیکیورٹی بھی مہیا کی جائے۔واضح رہے کہ آج(اتوار کو) پی ٹی آئی نے لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا جس کی قیادت عمران خان نے کرنا تھی،عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کر لیا تھا۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے کسی تصادم سے بچنے کے لئے ایک روز کے لئے ریلی ملتوی کرتے ہوئے کارکنوں کو پرامن رہنے کا پیغام دیا تھا جبکہ تحریک انصاف کی قیادت نے پنجاب حکومت کے اقدام کے خلاف ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں