لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے افغانستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لئے نوجوانوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ٹیم کا اعلان کیا،اس ٹیم کی خاص بات یہ ہے کہ ٹیم نوجوانوں پر مشتمل جبکہ ٹیم کو عبوری کپتان شاداب خان کی قیادت میں ٹور پر بھیجا جا رہا ہے،ٹیم میں فہیم اشرف افتخاراحمد،احسان اللہ،عماد وسیم،محمد حارث،محمد نواز،شاداب خان کے علاوہ عبداللہ شفیق،اعظم خان،محمد وسیم،
جونیئر،نسیم شاہ،صائم ایوب،شان مسعود،طیب طاہر،زمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں ابرار احمد،حسیب اللہ شامل ہیں۔ٹیم میں فہیم اشرف،عماد وسیم اور اعظم خان نے کم بیک کیا جبکہ نوجوان بلے باز صائم ایوب،احسان اللہ اور زمان خان نے پی ایس ایل کارکردگی کی بنیاد پر جگہ بنائی۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ افسوس ہوا کہ کچھ میڈیا والوں نے کہنا شروع کر دیا تھا کہ کپتان کے خلاف سازش ہو رہی ہے،ایسا کچھ نہیں ہے،میں نے تمام کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا ہے،ہمیں ورلڈ کپ کا سوچنا ہے ، نوجوانوں کو تیاری کرانی ہے،ہم نے اسی منصوبے کی بنیاد پر 5 سینئر کھلاڑیوں کو ریسٹ دی،ان کھلاڑیوں کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں،یہ سارے کے سارے ہمارا اثاثہ ہیں،اس لیے بابر اعظم ،محمد رضوان،شاہین آفریدی،حارث روف اور فخر زمان کو ریسٹ دیا جا رہا ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/najam-sethi-1200x480.jpg)