عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل

راولپنڈی (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر فواد چوہدری کے 14 مارچ کے لئے جاری وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں جسٹس صداقت علی خان،جسٹس مرزا وقاص روف اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔عدالت نے عمران خان اور فواد چوہدری کے 14 مارچ کے لئے جاری وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔لارجر بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی سے متعلق عمران خان اور فواد چوہدری کی درخواستیں زائد المیعاد قرار دے کر خارج کر دیں۔درخواست گزاروں کی جانب سے پٹیشنیں واپس لینے پر بنچ نے پٹیشن نمٹا دیں۔عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کاروائی جاری رکھے،الیکشن کمیشن میرٹ پر فیصلہ کرے،عدالت مداخلت نہیں کرے گی۔

عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بھی انکوائری چیلنج کرنے کی صورت میں درخواست گزار کو عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا،درخواست گزار کے پٹیشن واپس لینے کی صورت میں عدالت الیکشن کمیشن کو ڈائریکشن جاری کر سکتی ہے۔توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن نے 7 مارچ کو عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی کیخلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آزادی اظہار کی ضمانت آئین دیتا ہے،عمران خان کے اس بنیادی حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا،ان کی تقاریر اور بیانات کو نشر کرنے کی پابندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے وکلا کو پیمرا کے دائرہ اختیار پر دلائل دینے کی ہدایت کی۔پیمرا کے وکیل نے کہا کہ پیمرا کا دائرہ اختیار ملک بھر میں ہے۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ پیمرا کے کسی اقدام کیخلاف کسی بھی عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔عدالت نے عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی کیخلاف حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے پیمرا کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کردی۔ اور کیس کی مزید سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں