عمران خان کی گرفتاری کے لئے ہیلی کاپٹر میں کوئی ٹیم لاہور نہیں گئی،اسلام آباد پولیس نے حیران کن وضاحت دے دی

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد پولیس نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے کے لئے اسلام آباد پولیس نے تیاری شروع کردی ہے تاہم اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت سے پولیس کی کوئی ٹیم ہیلی کاپٹر پر چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے لئے لاہور نہیں گئی بلکہ ٹیم پہلے سے ہی لاہور میں موجود ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کردیئے ہیں،جس کے بعد اسلام آباد پولیس نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔اس حوالے سے میڈیا میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وفاقی دارالحکومت سے پولیس ٹیم سپیشل ہیلی کاپٹر پر عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور پہنچ گئی ہے۔اس حوالے سے ترجمان اسلام آباد پولیس نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم آج لاہور روانہ نہیں ہوئی،نہ ہی ہیلی کاپٹر پر اسلام آباد پولیس کی کوئی ٹیم روانہ ہوئی بلکہ ایک ٹیم پہلے سے لاہور موجود تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز قبل اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کی گرفتاری کے لئے لاہور پہنچی تھی لیکن عمران خان کو گھر میں موجود نہ پا کر واپس چلی گئی تھی اور وہی پولیس اسی دن سے ہی لاہور میں موجود ہے،ٹیم نے سی سی پی او لاہور سے عمران خان کی گرفتاری کے لئے ملاقات بھی کی ہے،اسلام پولیس کی خصوصی ٹیم کو عمران خان کی گرفتاری مطلوب ہے اور وزارت داخلہ کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد پولیس لاہور گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں