اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کی اتحادی وفاقی حکومت کی جانب سے تمام تر اقدامات کے باوجود پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف)کے مابین سٹاف لیول معاہدہ نہ ہو سکا۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق پاکستان کی جانب سے تمام تر کوششوں اور پیشگی اقدامات کے باوجود تا حال آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ نہیں ہوسکا،جس پر حکومت پاکستان شدید نالاں دکھائی دے رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اور حکومت کے رواں ہفتے معاملات حتمی شکل نہیں اختیار کرتے تو پیشرفت کیلئے حکومت کی جانب سے امریکا سے تعاون مانگا جائے گا اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار خود بھی امریکن حکام سے رابطہ کریں گے۔ذرائع خزانہ ڈویژن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پیشگی اقدامات پر مطمئن نظر آیا تو سٹاف لیول معاہدے کی تاریخ مل جائے گی اور آئی ایم ایف مطمئن نہ ہوا تو سٹاف لیول معاہدے میں مزید تاخیر ہوگی۔حکومت کے پیشگی اقدامات میں گردشی قرضے کی ادائیگی سر فہرست ہے،گردشی قرضے کی ادائیگی کی ٹائم لائن بینک ترسیل سسٹم کے تحت دی جائے گی،حکومت آئی ایم ایف کو بینک ترسیل کی تاریخ اور رقم بتائے گی۔پاکستانی حکام کی جانب سے آئی ایم ایف ٹیم کو زرعی اور ایکسپورٹ سبسڈی کے خاتمے کی رقوم کے استعمال کا طریقہ کار بتایا جائے گا،کمرشل قرضوں کی رقوم کی ترسیل کی تاریخ بتائی جائے گی،جون تک واپس کئے جانے والے قرضوں کی تاریخیں بتائی جائیں گی۔
