”توشہ خانہ فہرست نامکمل،ججوں اور جنرلوں کی تفصیلات سامنے لائی جائیں“تحریک انصاف کا مطالبہ

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے توشہ خانہ کی فہرست کو نامکمل قرار دیتے ہوئے فوجی جرنیلوں اور ججز کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات بھی جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق حکومت کی طرف سے 2002 سے 2022 تک ملنے والے غیر ملکی تحائف کی تفصیلات جاری کرنے کے ایک دن بعد تحریک انصاف نے فوجی جرنیلوں اور ججز کو ملنے والے توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات بھی جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات نے واضح کیا ہے کہ زرداری اور شریف خاندان نے کس طرح توشہ خانہ کو لوٹا ہے؟یہ فہرست ایک اور ثبوت ہے کہ کس طرح ان خاندانوں نے پاکستان کے لوگوں کے ساتھ دھوکا کیا،گزشتہ 15 ماہ میں ان لوگوں نے عمران خان اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس سے متعلق بے تحاشہ الزامات عائد کیے،حقیقت یہ ہے کہ اگر کسی نے توشہ خانہ تحائف رکھنے کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا ہے تو وہ عمران خان ہیں جنہوں نے سب سے کم تحائف رکھے،زرداری اور شریف خاندان نے واضح طور پر قانون کا غلط استعمال کیا اور کروڑوں روپے کے تحائف اپنے پاس رکھے اور یہاں تک کہ انہوں نے پائن ایپل کا باکس تک نہیں چھوڑا، حکومت کی طرف سے جاری کردہ تحائف کی فہرست نامکمل ہے کیونکہ اس میں صرف 2002 کے بعد کا ریکارڈ شامل ہے۔

فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ 1988 سے حاصل ہونے والے تحائف کی تفصیلات بھی جاری کی جائیں جس میں فوجی جرنیلوں اور ججز کی طرف سے حاصل کیے جانے والے تحائف کی فہرست بھی اس میں شامل ہونی چاہیے،میرا خیال ہے کہ پاکستان میں مقدس ڈاکٹرائن کا خاتمہ ہونا چاہیے اور سیاست دانوں کے ساتھ ججز اور جرنیلوں کے تحائف کا بھی انکشاف ہونا چاہیے،پی ٹی آئی نے لاہور ہائی کورٹ کو یہ بھی درخواست کی ہے کہ ایک آزادانہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دی جائے تاکہ اس بات کا تعین ہوسکے کہ آیا کہ حاصل کیے جانے والے تحائف کی قیمت قانون کے تحت ادا کی گئی اور ان کو ڈکلیئر کیا گیا یا نہیں؟۔فواد چوہدری نے کہا کہ خواجہ آصف نے لاکھوں روپے کی گھڑیاں رکھیں لیکن کیا انہوں نے وہ گھڑیاں ٹیکس ریکارڈ میں ظاہر کیں اور کیا فیڈرل بورڈ ریونیو کے پاس ان سب تحائف کی تفصیلات ہیں؟ توشہ خانہ تحائف پر ایک آزادانہ کمیشن کو تفتیش کرنی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں