لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان جیل میں بھی ہوں تو دو تہائی اکثریت لیکر جیتیں گے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ علی بلال عرف ظل شاہ کے قتل میں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی،انسپکٹر جنرل (آئی جی)پولیس پنجاب،ہوم سیکرٹری،کیپٹل سٹی پولیس آفیسر(سی سی پی او)لاہور شریک اور براہ راست مجرم ہیں،نگران وزیراعلیٰ،آئی جی پنجاب اور سی سی پی او کے حکم پر تشدد کیا گیا،ہم مطالبہ کرتے ہیں ان چاروں افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ظل شاہ کے والدین پر بہت پریشر ہے،ظل شاہ قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے،واقعہ کے فوری بعد پنجاب حکومت کی مدعیت میں ہم پر قتل کا مقدمہ ہوتا ہے،دو دن بعد پریس کانفرنس کر کے کہا جاتا ہے کہ یہ حادثہ تھا۔فواد چودھری نے ایک سوال کے جواب میں کہا اقتدار چلا جائے گا تو آپ کو حساب دینا پڑے گا،ن لیگ کواحساس ہو گیا ہے کہ مریم نواز مکمل ناکام ہو گئی ہے۔
