موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو سستا پٹرول ملے گا، وزیر اعظم نے ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے غریب و متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے ہیں جبکہ موٹر سائیکل اور رکشہ سواروں کو سستے داموں پٹرول مہیا کرنے کیلئے اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے پروگرام تیار کیا گیا ہے،جس کے تحت موٹر سائیکل و رکشہ والوں کو سستے پیٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے غریب و متوسط طبقے کیلئے رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے،وزیر اعظم نے اسلام آباد میں رمضان کے دوران غریب و متوسط طبقے کو مفت آٹا فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے،سکیم کے تحت اسلام آباد کے 10لاکھ لوگوں کو رمضان المبارک میں مفت آٹا فراہم کیا جائے گا،وزیر اعظم نے سندھ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو بھی اس سکیم میں شامل ہونے کی دعوت دے دی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں غریب و متوسط طبقے کے مسائل کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،مفت آٹے کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کیلئے رعایتی پیٹرول پر بھی بریفنگ دی گئیں اور مختلف تجاویز پیش کی گئیں،وزیر اعظم نے پروگرام کو حتمی شکل دے کر جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل اور رکشہ والے معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور حکومت ان کو مہنگائی سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی،اجلاس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ،وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں