لاہور(سٹاف رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )نے پنجاب میں 30اپریل کو ہونے والے عام انتخابات کا عدالتی افسران کے ذریعے انعقاد کرانے کی کوششیں شروع کردی ہیں ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق مرکزی سینئر نائب صدر چودھری فواد حسین نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو خط لکھ کر ان سے انتخابات کیلئے عدالتی افسران کی نامزدگیوں کی استدعا کر دی، فواد چوہدری نے کہا کہ شفافیت کے پیش نظر انتخابات ہمیشہ عدالتی افسران پر مشتمل ڈی آر اوز اور آر اوز کے ذریعے ہی کروائے جاتے ہیں، انتخابات کے انعقاد کیلئے عدالتی افسران کی نامزدگیوں کیلئے الیکشن کمیشن کی درخواست مسترد کئے جانے پر تحریک انصاف حیرت و تشویش کاشکار ہے۔
خط میں کہا گیا کہ وفاقی اور پنجاب کی نگران حکومتیں تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان کو نشانِ انتقام بنانے کیلئے ہر حد سے گزر رہے ہیں، انتخابات سے دور رکھنے کیلئے تحریک انصاف کے قائدین کو جعلی اور جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن بھی اپنی غیر جانبداریت برقرار رکھنے میں ناکام ہوا ہے، عدالتی افسران کی بجائے اگر حکومت کے ماتحت افسران کو انتخابات کاانعقاد سونپا گیا تو ان کی شفافیت کے امکانات خاک میں مل جائینگے اور عوام بھی انہیں قبول نہیں کریں گے، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دھاندلی و بدعنوانیوں کے تدارک اور آزادانہ، منصفانہ و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے عدلیہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
فواد چوہدری نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کی درخواست مسترد کئیے جانے کے فیصلے پر نظر ثانی فرمائیں، 30اپریل کو پنجاب میں ہونے والے انتخابات کے انعقاد کیلئے ماتحت عدلیہ سے افسران کی نامزدگیوں کے حوالے سے رجسٹرار کو مناسب ہدایات جاری کریں۔
