لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے،عمران خان کو عدالت سے حفاظتی ضمانت حاصل ہے،انھیں گرفتار نہیں کیا جا سکتا، ہم سمجھنا چاہتے ہیں کہ ان کا ایجنڈا کیا ہے،وہ یہاں لاشیں گرانے آئے ہیں؟۔
زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم سمجھنا چاہتے ہیں کہ ان کا ایجنڈا کیا ہے،وہ یہاں لاشیں گرانے آئے ہیں؟یا الیکشن رکوانا چاہتے ہیں؟یا مینار پاکستان کے جلسے سے خائف ہیں؟میں سمجھنا چاہتا ہوں کہ اس ضمانت کے باوجود کیا قیامت ٹوٹ پڑی ہے کہ آج ہی گرفتاری کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کا وائس چیئرمین ہوں،اس لیے آئیں مجھ سے بات کریں،ہوسکتا ہے کہ ہم اس نتیجے پر پہنچیں کہ انھیں لاشیں گرانے کے منصوبے سے نکلنے کا راستہ دے دیں،ہو سکتا ہے ہم خود گرفتاری کے لیے تیار ہو جائیں،ہماری قانونی ٹیم کے مطابق جسے حفاظتی ضمانت حاصل ہو اس کی گرفتاری نہیں ہو سکتی،اگر ان کی انڈر سٹینڈنگ مختلف ہے تو ہمیں سمجھائیں،ہم کھلے ذہن سے سننے کے لیے تیار ہیں،ہم یہاں لاشیں نہیں گراوانا چاہتے،اس بنیاد پر الیکشن ملتوی نہیں کروانا چاہتے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/shah-mahmood-qurashi-at-zaman-park-1200x480.jpg)