لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس کی جانب سے پتھراو،لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد ملک بھر میں کارکنوں سے احتجاج کی اپیل کر دی ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اس وقت زمان پارک کے باہر صورتحال خاصی کشیدہ ہے، تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراو کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کر رہی ہے۔ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد بخاری پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراو سے زخمی ہو گئے ہیں۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں کارکنوں کو احتجاج کی کال دے دی ہے،پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کے اندر شدید ترین شیلنگ جاری ہے،پوری قوم اس فسطائی حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔دوسری طرف سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگ جہاں بھی ہیں،چوک اور چوراہوں میں اکٹھے ہوں اور عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں،تحریک انصاف کی تنظیمیں اس احتجاج کو پر امن بنانے میں کردار ادا کریں اور جگہ کا اعلان کریں۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کی جانب سے ملک گیر احتجاج کی کال کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں کارکن سڑکوں پر نکل آئے ہیں،جس کے بعد حالات مزید کشیدہ ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر افتخار درانی کا کہنا ہے کہ میڈیا چینلز کو زمان پارک پر جاری فسطائیت کی کوریج سے روکا جا رہا ہے،ایک طرف پولیس مجرمانہ تشدد میں مصروف ہے دوسری جانب میڈیا پر بھی قدغن،امپورٹڈ حکومت اور کون کون سی جمہوری روایت کا گلا کاٹے گی؟آمروں کی گود میں پلنے والے اپنی آمرانہ سوچ کی عکاسی کر رہے ہیں۔