عمران خان کی ممکنہ گرفتاری،سابق امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے خبردار کر دیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں سیاسی بحران کے حل کے لئے امریکا کے افغانستان کے لئے سابق نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے دو تجاویز پیش کرتے ہوئے خبردار کردیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے بڑی سیاسی جماعتیں مسائل کی نشاندہی کریں اور مشترکہ لائحہ عمل طے کرکے جون میں الیکشن کا اعلان کیا جائے تاکہ تباہی سے بچا جاسکے۔امریکی سابق نمائندہ خصوصی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو گرفتار کرنے سے سیاسی بحران مزید سنگین ہوگا، کسی بھی لیڈرز کو گرفتار کرنا ، پھانسی چڑھانا یا قتل کرانا غلط راستہ ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک ساتھ سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحرانوں کا سامنا ہے، پاکستان کیلئے اپنے فیصلے خود کرنے، غور و فکر کرنے اور دلیرانہ فیصلے کرنے کا وقت آچکا ہے۔واضح رہے کہ زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک گذشتہ کئی گھنٹوں سے میدان جنگ بنا ہوا ہے ،کارکنوں کی بڑی تعداد پولیس سے مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہے ،درجنوں کارکن اور پولیس اہلکار اس ”جنگ“ میں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ پولیس نے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں