پولیس نے زمان پارک کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کے کیمپ اکھاڑ دیے

لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعدپولیس نے دن بھر زمان پارک میں شیلنگ اور لاٹھی چارج کے بعد رات گئے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر لگے کیمپ اکھاڑ دیئے ہیں ،سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس دروان پولیس اہلکار کیمپوں میں موجود کھانے پینے کی چیزیں بھی لوٹتے رہے جبکہ شیلنگ سے پیدا ہونے والی بدترین گیس سے محفوظ رہنے کے لئے کیمپوں میں موجود پانی کی بوتلیں استعمال کرتے رہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق رات گئے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زمان پارک میں موجود ہے جہاں عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر وقفے وقفے سے شیلنگ کی جا رہی ہے،پولیس کی بکتربندگاڑیاں بھی
زمان پارک پہنچ گئیں ہیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے لاہور میں دس دن کے لئے رینجرز کو تعینات کردیا گیا ہے۔زمان پارک میں موجود سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کے درجنوں کیمپ اکھاڑ دیئے ہیں،پی ٹی آئی کارکنان کی بھی زمان پارک آمد جاری ہے،پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکن بھی عمران خان کی رہائش گاہ کے ارد گرد موجود ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام تھانوں میں نفریاں اکٹھی کی جا رہی ہیں،اینٹی رائٹ یونٹ کو آنسو گیس کے شیل بھی فراہم کردیے گئے ہیں،ایک ہزار سے زائد نفری کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف آپشنز اور طریقہ کار پر غور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے رد عمل کی صورت میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،کارکنان اور مقامی رہنماوں کی فہرستیں بھی تیارکرلی گئی ہیں۔لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں