عمران خان اپنی انا کے باعث گرفتاری کے قریب ہیں،بلاول کا امریکی ٹی وی کو انٹریو

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اپنی انا کی وجہ سے گرفتاری کے نزدیک پہنچ گئے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بہت اہم ہیں اس لیے وہ عدالت نہیں جائیں گے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھاکہ ملک بیک وقت انتشار اور بحرانوں سے نمٹ رہا ہے لیکن عمران خان کا خیال ہے کہ ملک کا قانون ان پر لاگو نہیں ہوتا، ’عمران خان نے پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے دیا اور اب وہ نظام سے فرار اختیار کرنا چاہ رہے ہیں، بات یہ نہیں ہے کہ میں عمران خان کو گرفتار ہوتے دیکھنا چاہتا ہوں، میں کبھی نہیں چاہوں گا کہ میرے ملک یا کسی بھی ملک میں کوئی بھی سیاست دان سیاسی وجوہات کی بنا پر جیل میں جائے، جہاں تک عمران خان کی بات ہے تو وہ اپنی انا کی وجہ سے گرفتاری کے نزدیک پہنچ گئے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بہت اہم ہیں اس لیے وہ عدالت نہیں جائیں گے‘۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عمران خان کے فیصلوں کو پاکستان میں عدالتی نظام، قانون کی حکمرانی اور آئین کے ساتھ مذاق قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ’عمران خان مسلسل قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں، انہوں نے خود کو بچانے کے لیے اپنے کارکنوں کو پولیس کے سامنے لاکھڑا کیا ہے، پولیس کا انتشار کا کوئی ارادہ نہیں تھا، جیل جانے والے سیاستدانوں سے پاکستان کی سیاسی تاریخ بھری پڑی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ایسی صورتحال میں پھنس گئے ہیں جہاں سیاسی افراتفری سڑکوں پر جاری ہے، یہ چیز حقیقی مسائل سے توجہ ہٹا رہی ہے اور پاکستانیوں کے معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں‘۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں