لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے سابق کوچ اور معروف آف سپنر ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ شاداب خان کی فرمانبرداری اور پنج وقتہ نمازی ہونے کی عادت دیکھ کر انہیں داماد بنایا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ماضی کے معروف پاکستانی آف سپنر ثقلین مشتاق حال ہی میں نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے سوال کیا کہ انہوں نے شاداب خان کی کس خصوصیت کو دیکھتے ہوئے انہیں داماد بنانے کا فیصلہ کیا؟جس پرثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ رشتہ شاداب کے گھر والوں کی طرف سے آیا تھا،شاداب کی والدہ اور والد گھر آئے اور انہوں نے مجھ سے بڑی عجیب سی بات کی وہ یہ کہ بیٹی بادشاہ کی ہو یا فقیر کی شادی تو کرنی پڑتی ہے،شاداب کی والدہ نے یہ بھی کہا کہ میں جب تک نہیں جاوں گی جب تک مجھے آپ بیٹی کا رشتہ نہیں دے دیتے،اس کے بعد میں نے ان سے دو دن کا وقت مانگا اور کہا کہ آپ اور ہم استخارہ کرتے ہیں پھر جواب دیں گے۔ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ شاداب کی 2 عادتوں کو دیکھ کر میں نے انہیں داماد کے طور پر قبول کیا،پہلی یہ کہ شاداب کی والدہ نے بتایا کہ بیٹے نے ان سے کہا کہ والدین میرے لیے رشتہ دیکھیں،دوسری بات شاداب 5 وقت کا نمازی ہے،میں نے جتنا عرصہ شاداب کے ساتھ گزارا،مجھے اس میں سے کوئی غلط بات نظر نہیں آئی،شاداب نماز پڑھنے کے لیے سب کو بلانے کے لیے دروازے کھٹکھٹاتا تھا،اس کی یہ بات مجھے پسند تھی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/334672521_526383516320833_7557490603110322665_n-1200x480.jpg)