کراچی(کامرس رپورٹر)سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد مجموعی قومی ذخائر 9.85 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 10 مارچ سے بڑھ کر 9 ارب 84 کروڑ 68 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں،حالیہ اضافے کے بعد سٹیٹ بینک کے ذخائر 4 ارب 31 کروڑ 91 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔سٹیٹ بینک نے مزید بتایا کہ کمرشل بینکوں کے مجموعی ذخائر 5 ارب 52 کروڑ 77 لاکھ ڈالر ہیں اور یوں ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب 84 کروڑ 68 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 مارچ کو بیان میں کہا تھا کہ 3 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 9.75 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔3 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کے ذخائر 48 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اضافے کے ساتھ 4.3 ارب ڈالر ہوگئے ہیں، جس کی وجہ چین سے کمرشل قرض کے طور پر 50 کروڑ ڈالر کی وصولی تھی۔اس سے قبل 2 مارچ کو سٹیٹ بینک نے بتایا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں 50 کروڑ ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا اور ملک کے مجموعی ذخائر کا حجم بڑھ کر 9.27 ارب ڈالر ہوگیا ہے۔ 24 فروری تک ملک کے بیرونی ذخائر بڑھ کر 9.27 ارب ڈالر ہوگئے تھے، جس میں سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 3 ارب 81 کروڑ 41 لاکھ ڈالرتھے۔یاد رہے کہ سٹیٹ بینک نے 23 فروری کو بتایا تھا کہ مرکزی بینک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا اور 17 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کے ذخائر 3.258 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/336586500_1294155328113046_1740498060044798971_n-1200x480.jpg)