لاہور (سٹاف رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کی 13 مارچ کو لاہور میں نکلنے والی ریلی کے دوران پنجاب پولیس کے اے ایس آئی کو پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل اور علی زیدی کیساتھ سیلفی لینے پر معطل کر دیا گیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق تین پولیس افسران نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سیاستدانوں کے ساتھ تصویر بنانے اور اپنے فرائض سے غفلت برتنے پر ایک اے ایس آئی کو معطل کر دیا گیا ہے، سوشل میڈیا پوسٹس میں الزام لگایا گیا ہے کہ13 مارچ کو لاہور میں ہونے والی پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی ریلی کے دوران پارٹی رہنماوں زرتاج گل اور علی زیدی کے ساتھ سیلفی لینے پر ایک پولیس اہلکار معطل کر دیا گیا ہے۔
کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کے تعلقات عامہ کے افسر مبشر حسین نے تصدیق کی ہے کہ متعلقہ افسر سسپینڈڈ (معطل) ہے، اور کلوز ٹو لائن ہے ، مبشر حسین نے مزید وضاحت کی کہ پولیس اہلکار کی معطلی کی وجہ ”فرائض میں غفلت“ ہے،
تھانہ غازی آباد کے ایک پولیس افسر سجاد الرحمان نے بھی جیو فیکٹ چیک کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ”اسسٹنٹ سب انسپکٹر اصغر نواز سیال کومعطل کر دیا گیا ہے، اب وہ ڈیوٹی پر نہیں ہیں۔“
