لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) قذافی سٹیڈیم لاہور میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیا پہلا پلے آف کھیلا گیا جس میں پشاور زلمی نے یونائیٹڈ کو 12 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائے کر لیا ہے ، البتہ اس میچ کا کلپ سوشل میڈیا خوب وائرل ہو رہا ہے جسے لیکر بابر اعظم کے مداح ان کی خوب تعریفیں کر رہے ہیں ۔
پاکستان ٹائم کے مطابق باونڈری لائن پر موجود بال پِکر کی جانب سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز کا شاندار کیچ پکڑنے پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نوجوان کو داد دیے بغیرنہ رہ سکے، میچ کے دوران باونڈری لائن پر موجود بال پِکر نے ایلکس ہیلز کا شانداز کیچ پکڑا اور جب باونڈری لائن پر بابر اعظم گیند لینے آئے تو انہوں نے نوجوان کو داد بھی دی۔
زلمی کے کپتان کی جانب سے پذیرائی ملنے پر بال پِکر مسکراتے ہوئے آگے بڑھ گیا، بابر اعظم کی جانب سے بال پکر کی حوصلہ افزائی کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے بابر کی پرانی ویڈیو شیئر کردی، جب بابر اعظم 15 سال قبل جنوبی افریقی ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر میدان سے باہر باونڈری پر کھڑے ایک غیرمعروف ’بال پکر‘ تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بابر کے کرکٹ کا سفر بھی بال پِکر کے طور پر شروع ہوا تھا جب 2007 میں جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستان آئی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ کہ میرا کرکٹ کا سفر 2007 میں شروع ہوا تھا، مجھے کھیل کا جنون تھا، میں بین الاقوامی ستاروں کو اپنے سامنے کھیلتے دیکھنا چاہتا تھا، اس وقت، جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی تھی تو میں نے کسی سے کہا کہ وہ کرکٹ اسٹیڈیم کی باونڈری لائن گیند پکرنے کے لیے کھڑا کردیں، میں ان دنوں روزانہ گلبرگ سے قذافی سٹیڈیم جاتا تھا۔
یاد رہے کہ 2007 میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہی تھی، اس سیریز کی خاص بات یہ تھی کہ یہ قومی ٹیم کے عظیم بلے باز اور سابق کپتان انضمام الحق کی آخری ٹیسٹ سیریز تھی، انہیں جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کا سب سے کامیاب بلے باز بننے کے لیے محض چند رنز ہی درکار تھے لیکن وہ پال ہیرس کی گیند پر اسٹمپ ہو کر یہ ریکارڈ نہ توڑ سکے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں باونڈری لائن کے باہر ایک بچہ بال پکر کی حیثیت سے کھڑا یہ سب مناظر دیکھ رہا تھا اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ قومی ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم تھے جن کی آنکھوں میں آج بھی وہ منظر محفوظ ہے۔
