توشہ خانہ کیس،عمران خان کے وارنٹ معطل

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سربراہ کے وارنٹس معطل کرتے ہوئے رضاکارانہ پیشی کا بیان حلفی تسلیم کر کے پولیس کو سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو کل عدالتی وقت کے دوران ٹرائل کورٹ میں پیشی کا حکم دیتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسا نہ ہو کل شام 6 بجے عدالت پہنچیں،عمران خان کو یقینی بنانا ہو گا کل ان کی پیشی پر امن و امان کی صورتحال نہ بنے۔عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان عدالت پیشی کے بیان پر قائم ہیں،سابق وزیر اعظم خود رضا کارانہ طور پر آجائیں گے۔چیف جسٹس نے کہا کہ وارنٹ کا مقصد صرف عدالت کے سامنے پیشی ہی ہے،انڈرٹیکنگ کا مطلب عدالت کے سامنے ایک بیان ہے،بیان سے انحراف توہین عدالت کے مترادف ہو گا۔خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان کو خطرات کی انفارمیشن حکومت کے پاس ہے،کسی پر انگلی نہیں اٹھاتا مگر عمران خان کے پاس بھی انفارمیشن ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کل عدالت میں پیش ہوں گے اس میں کوئی شبہ نہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا فیصلہ سنا دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں