لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئر مین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے گھر زمان پارک پر پولیس کے جانب سے حملے کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان نے اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب لندن پلان کا حصہ ہے ، جس میں طے کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو واپس اقتدار میں لانا ہے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق عمران خان کے لاہور زمان پارک سے نکلتے ہی پنجاب پولیس نے زمان پارک میں آپریشن شروع کر دیا تھا ، پولیس نے کرینوں کی مدد سے زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنوں کی کیمپوں کو اکھاڑ دیا ہے ، جبکہ عمران خان کے گھر کے دروازے بھی توڑ ڈالے اور دیواروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں پر بد ترین لاٹھی چارج کیا گیا اور گھر میں گھس کر ان پر تشدد بھی کیا گیا ہے ، جس کے بعد عمران خان نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ٹویٹر پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ پنجاب پولیس کس قانون کے تحت یہ کارروائی کررہی ہے؟ تمام کیسز میں ضمانت کے باوجود پی ڈی ایم حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، یہ مفرور نواز شریف کو اقتدار میں واپس لاناچاہتے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں اسی لیے حکومت کے مذموم ارادوں کو جانتے ہوئے بھی اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے جا رہا ہوں، پی ڈی ایم کی حکومت کا واضح مقصد مجھے گرفتار کرنا ہے ، ان حرکتوں سے چوروں اور ڈاکووں کا یہ ٹولہ بے نقاب ہوگیا ہے، میرے گھر پرحملہ کرنے کا مقصد میرا عدالت پہنچنا یقینی بنانے کے لیے نہیں تھا بلکہ مجھے جیل میں ڈالنا تھا تا کہ میں انتخابی مہم کی قیادت نہ کرسکوں، پنجاب پولیس نے زمان پارک میں میرے گھر پر حملہ کردیا ہے جہاں بشریٰ بیگم اکیلی ہیں۔
