لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل(آئی جی)پنجاب پولیس ڈاکٹرعثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس آج مختلف علاقوں سے آنے والے شرپسندوں کو گرفتار کرنے کے لئے زمان پارک گئی،زمان پارک سے اسلحہ اور پیٹرول بم برآمد کئے،یہ وہی بم ہیں جو پولیس اور رینجرز اہلکار پر گرائے گئے،کسی بے قصور کو سزا نہیں دی جائے گی،جن کو پکڑا ہے ان کے ویڈیو شواہد موجود ہیں،کوئی یہ نہ سمجھے کہ لاہور پولیس ایک علاقہ کلیئر نہیں کروا سکتی تو کون کروائے گا؟۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات عامر میر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں آپریشن سے پولیس 2 وجوہات کے باعث رکی تھی،یہ آپریشن ہائیکورٹ کے حکم پر روکا گیا تھا،دوسری وجہ پی ایس ایل میچ تھا،عدالت نے قانون کی حکمرانی کی بات کی اور دونوں فریقین سے کہا کہ اگر آپ نے گھر کے اندر جانا ہے تو اس کے لیے سرچ آپریشن ہونا چاہیے اور ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی کہا کہ آپ آپس میں بات کر لیں تاکہ گھر کے اندر جانے میں آسانی رہے،عدالت نے واضح کیا آپ قانون کے مطابق اپنی تفتیش کریں ،دوپہر 12 بجے کے قریب سرچ وارنٹ حاصل کیا تھا جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)لیڈر شپ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم وہاں نہیں ہیں،ہم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے ان لوگوں کی مکمل فہرست تیار کی جو دوسرے علاقوں سے آ کر لاہور میں شرپسندی پھیلاتے ہیں،ان کو گرفتار کرنے کے لیے آج پولیس کی نفری وہاں گئی اور ان لوگوں کو گرفتار کرنا شروع کیا جو وہاں موجود تھے،زمان پارک میں دوبارہ مزاحمت کی گئی اور پولیس پر پتھراو کیا گیا،ہم خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ زمان پارک گئے تھے،ہم نے علاقہ کلیئر کرنے کے بعد مزاحمت کرنے والے افراد کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جیو فینسنگ اور جیو ٹیگنگ کے ذریعے تمام افراد کی شناخت کی جائے گی اور شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں گے،کسی بے گناہ کو گرفتار نہیں کیا جائے گا،پولیس ابھی بھی زمان پارک میں موجود ہے اور کسی خاتون کو گرفتار کرنے نہیں گئے تھے،بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائی کا نہیں سوچا،عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ کے اندر سے جو کچھ بھی برآمد کیا گیا ہے اس کی تصاویر موجود ہیں،زمان پارک کے اندر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے،پٹرول بم،بنکر، ریت کی بوریاں وہاں پر تھیں اور ایک نو گو ایریا بنا ہوا تھا،ہم نے گھر کے اندر وہ جگہیں بھی دیکھیں جہاں پٹرول بم بنائے جا رہے تھے،بہت زیادہ مزاحمت کے بعد اس علاقے کو کلیئر کیا گیا اور وہاں پر موجود لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے،ہم نے 24 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی کی،ہماری طرف سے ایک بھی گولی نہیں چلائی گئی،کوئی ایک بے گناہ شخص بھی گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ زمان پارک نوگو ایریا بنا تھا جسے کلیئر کرانے گئے تھے،کسی بھی علاقے کو نوگو ایریا بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،زمان پارک نوگو ایریا بنا تھا جسے کلیئر کرنے کے لئے پنجاب پولیس نے آپریشن کیا،اس دوران پولیس پر پیٹرول بم سے حملے کیے گئے،رینجرز اور پولیس کی گاڑیاں توڑی گئیں اور کروڑوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا،زمان پارک میں شرپسندوں کی جانب سے پولیس کے ساتھ مزاحمت کی گئی،لاہور میں عمران خان کے گھر کارروائی میں کوئی چیز خلاف قانون نہیں بلکہ یہ سب رٹ بحال کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔