لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار تنویر الیاس خان کی جانب سے وفد کے ہمراہ مشہور صحافتی ادارہ ”پاکستان ٹائم “کے ہیڈ کوارٹر لاہور کا دورہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے وزرائے حکومت حافظ حامد رضا،چودھری اکبر ابراہیم ،علی شان سونی،پارلیمانی سیکریٹری جاوید بٹ،پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید،معاون خصوصی راجہ سبیل ریاض،میڈیا ایڈوائزر سردار زاہد تبسم،ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی،سابق امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر،عمر شہزاد جرال سمیت دیگر حکومتی عہدےداروں کے ہمراہ ”پاکستان ٹائم“ کے دفتر کا دورہ کیا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/STIK-1024x768.jpg)
سردار تنویر الیاس خان نے”پاکستان ٹائم“ کے مختلف شعبوں کا وزٹ کیا اور سٹاف سے فردا ًفرداً ملے،اس موقع پر چیئرمین حافظ محمد سجاد اور ایگزیکٹو ایڈیٹر اور سینئر صحافی خالد شہزاد فاروقی نے”پاکستان ٹائم“بارے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کو تفصیلی بریفنگ دی،وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے ڈیجیٹل میڈیا کی دنیا میں”پاکستان ٹائم “کو خوشگوار اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے،پل پل کی خبریں اور واقعات سمٹ کر ایک موبائل میں آ چکے ہیں ، بدلتے وقت اور ٹیکنالوجی کی وجہ سے زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں تبدیلی آئی ہے،صحافت بھی اس جدت اور تبدیلی سے متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”پاکستان ٹائم“خالد شہزاد فاروقی کی قیادت میں سینئر،منجھے ہوئے اور پیشہ وارانہ صحافیوں کی بہترین ٹیم کے ساتھ میدان میں اترا ہے،قلیل وقت میں جب دوسرے ادارے”ٹیسٹ ٹرانسمیشن“ سے کام چلا رہے ہوتے ہیں ”پاکستان ٹائم“ نے مقبولیت اور فالوونگ کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میری دعائیں ”پاکستان ٹائم“ کے ساتھ ہیں،کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اورمجھے امید ہی نہیں بلکہ یقین ہے کہ”پاکستان ٹائم “دنیا بھر میں کشمیریوں کی توانا آواز بنے گا۔