لاہور(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے تھے کہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گا لیکن ہم نے انھیں مجبور کیا کہ عدالت میں پیش ہوں،عدالت کوعمران خان کوگاڑی سے اترکرپیش ہونےکاحکم دیناچاہئے تھا،افسوس،عمران خان کوگاڑی میں ہی حاضری لگانے کی سہولت ملی،عمران خان کی رہائش گاہ میں بم بنانے کی فیکٹری لگی ہوئی تھی، وہاں موجود تمام دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، زمان پارک سے برآمد اسلحہ لائسنس شدہ نہیں تھا جس کے بعد مریم نواز کے بیان کی تصدیق ہوگئی ہے،
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عدالت کا احترام ہے،شکوہ،گلہ ہے توعزت کے دائرے میں بات ہونی چاہیے،کہا گیا گاڑی میں بیٹھ کردستخط کریں اور گھر جائیں ،کوئی وجہ نہیں تھی پیشی نہ ہوتی، غنڈی گردی کولگام نہ پڑتی،عدالت کو کہنا چاہیے تھاعدالت حاضرہوں تاکہ مزید حوصلہ افزائی نہ ہو، جیل جانے سے پہلے عمران خان کو ”اٹیک“ ہو جائے گا،ہمیں پہلے سے اس کاحل تلاش کرناپڑے گا،عمران کی سرکشی دنوں میں ختم ہوسکتی ہے۔وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ زمان پارک سے اسلحہ برآمد ہوا، مسلح جتھے وہاں موجود تھے جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں، مسلح جتھوں میں شامل لوگوں کا ریکارڈ موجود ہے، عمران خان کے گھر سے کلاشنکوف، پٹرول بم برآمد ہوئے، زمان پارک سے برآمد اسلحہ لائسنس شدہ نہیں تھا جس کے بعد مریم نواز کے بیان کی تصدیق ہوگئی ہے، تنظیم کو کالعدم قراردینے کیلئے عدالتی عمل سے گزرنا پڑتا ہے، اس حوالے سے جائزہ لیں گے کہ کیا کارروائی کی جاسکتی ہے؟۔انھوں نے کہا کہ پولیس نے زمان پارک میں نو گو ایریا ختم کیا، عمران خان کی رہائش گاہ کا سرچ وارنٹ موجود تھا تا ہم پولیس گھر کے رہائشی حصہ میں داخل نہیں ہوئی، خدشہ ہے کہ وہاں سے بھی بہت کچھ ملے گا، زمان پارک میں 65 کے قریب غیرمتعلقہ لوگ تھے، اب قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ یہ کیسا شخص ہے؟ عوام اس کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کرے،چیئرمین پی ٹی آئی جان کے خطرے کی بات کوعذر کے طور پر استعمال کرتا ہے، عمران خان نے اپنے اردگرد مسلح لوگ اکٹھے کر رکھے ہیں۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ” جیل بھروتحریک “والا خود زمان پارک میں چھپا ہوا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو معلوم ہے کہ انھیں کیسز میں سزا ہوگی، وہ کہتا تھا کہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گا لیکن پیش ہونا پڑا، عمران خان کو مجبور کیا کہ عدالت پیش ہوں، عمران خان بضد تھے کہ جتھے کے ساتھ عدالت کے اندر جائیں، اس غنڈہ گردی کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے، پہلے بھی عمران خان جھتے لے کرجوڈیشل کمپلیکس آئے، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے عدالت میں توڑ پھوڑ کی تھی۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سنا ہے کہ حاضری کی فائل غائب ہوگئی ہے، اس کو گرفتاری کا بہت خوف ہے، قوم ادراک کرے کہ یہ ایک فتنہ ہے، سیاستدان نہیں ہے، یہ اپنے دور میں اپوزیشن کو ختم کرنا چاہتا تھا، کہتا تھا اختیار ملے تو 500 لوگوں کو پھانسی دے دوں، عمران خان نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، یہ شخص گزشتہ 10 سال سے ملک کونقصان پہنچا رہا ہے، عمران خان نے 7 ارب کی پراپرٹی اپنے نام کرائی، فرح گوگی کے منی لانڈرنگ کے کیس سامنے آچکے ہیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Rana-Sana-Ullah-1200x480.jpg)