لاہور(وقائع نگار)لاہور چیمبر آف کامرس میں بڑی اور حیران کن تبدیلی متوقع ،سب سے قدیم فاوندڑ گروپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگا ، بزنس کمیونٹی اورلاہور کی تاجر تنظیموں نے سابق سینئر نائب صدر علی حسام کی قیادت میں پائینئر بزنس مین گروپ تشکیل دے دیا،باضابطہ اعلان جلد متوقع ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑے اور متحرک کاروباری ادارہ سمجھے جانے والے ادارے لاہور چیمبر آف کامرس میں بھی تبدیلی آنے لگی،بزنس کمیونٹی اور لاہور کی تاجر تنظیموں نے بلا مقابلہ صدور منتخب کروانے کی روایت توڑتے ہوئے”کڑے مقابلے کی ٹکر“دینے کے لئے سابق سینئر نائب صدر لاہور چیمبر علی حسام کی قیادت میں پائینئر بزنس مین گروپ کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کر لیا ۔لاہور چیمبر آف کامرس کے اراکین کا کہنا ہے کہ فاونڈرز گروپ پر چند مخصوص افراد اور آٹھ دس بڑے خاندانوں نے اپنی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے،مخصوص سرمایہ دار اپنے ذاتی مفادات کے لئے لابنگ کر کے لاہور چیمبر کے نام پر اپنے مفادات سمیٹنے میں مصروف ہیں،ان کے پاس لاہور چیمبر کے دفاتر تو موجود ہیں تاہم انہیں لاہور کی کاروباری برادری کا اعتماد حاصل نہیں،بزنس مین کمیونٹی نے مفاد پرستوں کے چہرے پہچان لئے ہیں،اسی لئے لاہور چیمبر کا سب سے قدیم فاوندڑ گروپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے۔
پاکستان ٹائم کے ذرائع کے مطابق بزنس کمیونٹی اور لاہور کی نمائندہ تاجر تنظیموں نے علی حسام اور حارث عتیق نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر”پائینئر بزنس مین گروپ“تشکیل دے دیا ہے،اس گروپ کو چیمبر کے 10 سے زائد موجودہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سمیت لاہور بھر کی تاجر نمائیدہ تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔پاکستان ٹائم کے ذرائع نے تصدیق کی ہے لاہور چیمبر کے سب سے پرانے گروپ”فاونڈرز“کی اکثریت نے بھی علی حسام کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔پائینئر بزنس مین گروپ کی طرف سے کل(بروز سوموار) 20مارچ کو فلیٹیز ہوٹل میں دوپہر ایک بجے پریس کانفرنس کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس میں گروپ کی طرف سے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان اور طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔