خیبرپختونخوا حکومت کا بھی رمضان میں عوام کو مفت آٹا فراہم کرنے کا فیصلہ

پشاور(وقائع نگار)خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے بھی رمضان المبارک میں 50 لاکھ سے زائد خاندانوں کو مفت آٹا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
’ ’پاکستان ٹائم“ کے مطابق خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو مفت آٹا فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، مفت آٹے کی تقسیم کے حوالے سے محکمہ خوراک نے تمام کمشنرز اور ڈی سیز سمیت متعلقہ محکموں کو خط لکھ دیا ہے۔محکمہ خوراک کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ رمضان المبارک میں 50 لاکھ سے زیادہ خاندانوں کو 10 کلو گرام کے تین تین تھیلے مفت فراہم کئے جائیں گے، اور اس کے لئے این ایس ای آر کی جانب سے 2 لاکھ 75 ہزار 500 میٹرک ٹن مفت گندم فراہم کی جائے گی۔خط میں بتایا گیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ خاندانوں کی تعداد کے مطابق فلور ملوں کو گندم جاری کی جائے گی، اور فلور ملز عوام کو منظور شدہ ایپ کے ذریعے 10 کلو گرام کے آٹے کا تھیلے مفت فراہم کریں گی۔محکمہ خوراک کے خط کے مطابق مفت آٹا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹررڈ مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں