نواز شریف نے وزیراعظم کو پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کردی

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے وزیراعظم شہباز شریف کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے بعد ملک میں ہر صورت قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے اور ملزمان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے وزیراعظم ہاو¿س میں شہباز شریف سے ملاقات کی، اس ملاقات کے دوران ملکی سیاسی ، معاشی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں حمزہ شہباز ، مریم اورنگزیب ، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر وفاقی وزرا، اور معاونین خصوصی نے شرکت کی۔ مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ماہ ہونے والے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کے معاملے پر امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے حوالے سے گفتگو کی۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران پولیس اور سکیورٹی اداروں پر پی ٹی آئی کارکنوں کے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں، اس لئے ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جانا چاہئے، بعض وزرا نے مریم نواز کی تجویز کی پر زور انداز میں تائید کی جس کے بعد سابق وزیراعظم نے لندن سے شہباز شریف کو ہدایت کی کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر حملوں کے بعد ملک میں ہر صورت قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے اور ملزمان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اداروں اورعدلیہ کا احترام کیا، جب بھی بلایاگیاپیش ہوئے، ن لیگ اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے۔ اجلاس کے دوران اتحادیوں کے بلائے گئے اجلاس کے حوالے سے وزیراعظم نے نواز شریف اور مریم نواز کو اعتماد میں لیا ۔اس موقع پر نواز شریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی فیصلے کیے جائیں اس میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت ضرور شامل کی جائے۔اجلاس کے دوران ن لیگ کے قائد نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہونے والے انتخابات میں قربانی دینے والے کارکنوں کو ٹکٹ ترجیحی بنیادوں پر دیئے جائیں۔وزیراعظم کو مہنگائی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کےلئے مختلف آپشنز پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر مثبت رد عمل آنے پر بھی غور اور اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے شرکاءکو مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری سے ملاقاتوں کے بارے بھی آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں