پولیس کا تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاون جاری،جماعت اسلامی کے اہم رہنما کو بھی رات گئے گرفتار کر لیا

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہورپولیس کا پاکستا ن تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے تاہم ایسے میں پولیس نے جماعت اسلامی پی پی 166 سے امیدوار چوہدری عبدالقیوم گجر کو بھی گرفتار کر لیا ہے،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے چوہدری عبدالقیوم گجر کی گرفتاری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ُُ”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ پولیس پی ٹی آئی کے خلاف ہونے والے آپریشن کے تناظر میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کے گھروں پر بھی چھاپے مار رہی ہے،نواب ٹاون پولیس سٹیشن کی بھاری نفری نے رات گئے جماعت اسلامی کے رہنما اور حلقہ پی پی 166سے امیدوار چوہدری عبدالقیوم گجر کے گھر پر چھاپہ مارتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔دوسری طرف سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے پولیس کی جانب سے جماعت اسلامی کے کارکنان پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فوری طور پر اس غیر ذمہ دار حرکت پر معذرت کرے اور جماعت کے مقامی رہنما چوہدری عبدالقیوم گجرکو رہا کیا جائے۔

واضح رہے کہ لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماوں اور کارکنان کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا ہے۔دستیاب اطلاعات کے مطابق رات بھر سے پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کے گھروں پر پولیس چھاپوں کاسلسلہ جاری ہے۔تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو کارکنان کی گرفتاری کا ٹارگٹ دیتے ہوئے سوموار کی صبع سات بجے تک پنی کارگردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کے گھر چھاپہ مارا ہے۔پولیس نے شبلی فراز کے گھرکی تلاشی لی جبکہ سینیٹر شبلی فراز اسلام آباد میں موجود نہیں تھے،خواتین اہلکار بھی پولیس ٹیم کے ہمراہ تھیں،پولیس نے سنیٹر شبلی فراز کے اہلخانہ اور ملازمین کو ہراساں کیا۔اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے سابق ایم این اے راجہ خرم نواز،علی محمد خان،عامر شیخ،علی نواز اعوان سمیت درجنوں متحرک کارکنوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے ہیں۔پولیس چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے گھر میں گھس گئی،راجہ خرم گھر پر موجود نہ تھے۔سابق ایم این اے راجہ خرم نواز کا کہنا ہے کہ پولیس نے گھر میں توڑ پھوڑ کی،ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں،عمران خان کے لئے جان بھی قربان کر دوں گا۔تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا جبکہ عامر شیخ سینئر نائب صدر تحریک انصاف اسلام آباد کے گھر بھی پولیس نے چھاپہ مارا ہے،چھاپے کے دوران گھر کے دروازے اور کیمرے توڑ دیئے۔پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا،علی نواز اعوان گھر پر موجود نہیں تھے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں علی نواز اعوان نے کہا کہ ابھی اسلام آباد پولیس نے میرے گھر پر چھاپہ مارا ہے الحمدللہ میں محفوظ ہوں،انشاءاللہ ہم ایسے ہتھکنڈوں سے نہ پہلے گھبرائے تھے،نہ اب گھبرائیں گے،منزل کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں