پنجاب میں عمران خان پر کتنے مقدمات درجہ ہیں؟ لاہور ہائیکورٹ نے ریکارڈ طلب کر لیا

لاہور(سٹاف رپورٹر )صوبائی دارالحکومت لاہور کی سب سے بڑی عدالت ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف پنجاب بھر میں درج مقدمات کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔
پاکستان ٹائم کے مطابق عمران خان کی مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت کی، سماعت کے آغاز سے قبل آئی جی پنجاب نے عمران خان کے خلاف پنجاب بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات لاہور ہائی کورٹ میں پیش کردی تھی، سماعت کے آغاز پر حکومت پنجاب کے وکیل نے کہا کہ ’ہم نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے‘، جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ ’یہ رپورٹ کب تک کی جمع کرائی گئی ہے کیونکہ آئے روز پرچے ہو رہے ہیں‘، پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب دیا کہ ’یہ رپورٹ کل تک کی ہے، عمران خان کے خلاف پنجاب میں کل چھ مقدمات ہیں، 2 مقدمات ختم ہو چکے ہیں، 4 میں تفتیش جاری ہے‘۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمات کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے میں ایشو کیا ہے، آج کل تو واٹس ایپ کا زمانہ ہے، ایک منٹ میں سب کچھ مل جاتا ہے۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان کے خلاف درج مقدمات کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا اور نیب اور ایف آئی اے کو بھی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مزید کارروائی دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردی،قبل ازیں عمران خان کے خلاف پنجاب بھر میں درج مقدمات کی رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں پیش کردی گئی۔
آئی جی پنجاب کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب میں عمران خان کے خلاف مجموعی طور یر 6 مقدمات درج ہیں، 2 مقدمات میں انہیں ڈسچارج کیا جا چکا ہے، 4 مقدمات میں ان کے خلاف تفتیش جاری ہے،عمران خان کے خلاف تھانہ سرور روڈ اور تھانہ ریس کورس کے مقدمات میں تفتیش جاری ہے، ان کے خلاف مدینہ ٹاون اورتھانہ نیوائیر پورٹ کے مقدمات خارج کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پنجاب میں عمران خان کے خلاف صرف 6 مقدمات درج ، ایک میں بے قصور اور ایک مقدمہ خارج کردیا گیا جبکہ اِس وقت 4 مقدمات زیر تفتیش ہیں،عمران خان کو روالپنڈی نیو آئیر پورٹ تھانہ میں بے قصور اور تھانہ مدینہ ٹاون فیصل آباد میں درج مقدمہ میں ڈسچارج کردیا گیا ہے، تھانہ ریس کورس لاہور میں عمران خان کے خلاف 3 مقدمات درج اور زیر تفتیش ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تھانہ ریس کورس میں عمران خان کے خلاف ایف آئی آرز نمبرز 365/23، 388/23، 410/23 دفعات 312، 148، 149، 353، اور انسداد دہشتگردی کی دفعہ 7 سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہیں،عمران خان کے خلاف تھانہ سرور روڈ لاہورمیں 23/ 52 ایف آئی آر درج اور مقدمہ زیر تفتیش ہے جوکہ دفعہ 322، 202 سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق تھانہ نیو آئیر پورٹ راولپنڈی میں عمران خان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 23/ 84 درج کی گئی ہے، جس میں وہ بے قصور قرار دیے گئے، یہاں عمران خان کے خلاف 295، 296 سمیت دیگرز دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں