اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) پر پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے اجلاس میں تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا ذکر نہیں ہوا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ کل اتحادی رہنماوں کا مشاورتی اجلاس ہوا تھا،وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اجلاس میں بریفنگ دی،اتحادی مشاورت کرتے ہیں جب کہ فیصلے حکومت کرتی ہے،جلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کا کوئی ذکر نہیں ہوا ، مریم نواز نے جلسے میں پابندی کی بات کی تھی، سیاسی رہنما ایسی بات کر دیتے ہیں، سیاسی بیانات میں الفاظ کا چناو¿ بہتر ہونا چاہئے، عمران خان کہتے تھے لٹکا دو، مار دو، وہ بھی ٹھیک نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرز سیاست سے شدید اختلاف ہے لیکن میرا خیال ہے کہ سیاسی جماعتوں پر اس طرح پابندی نہیں لگائی جاتی، ہنگامہ آرائی پر قانون کواپنا راستہ لینا چاہئے، کہا جا رہا ہے کہ پولیس نے غنڈہ گردی کی،پولیس کی غنڈہ گردی میں 64 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ معاملہ سادہ تھا، عدالت عمران خان کو طلب کر رہی تھی، عمران خان عدالت میں پیش ہو جاتے تو مسئلہ حل ہو جاتا،عدالت کے حکم پر پولیس زمان پارک گئی تھی، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے پھر بھی وہ لاہور کی سڑکوں پر گھومتے ہیں اور عدالت میں پیش ہوتے ہوئے ان کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے،عدالت میں کارکنوں کو کیوں بلا یا گیا؟کیا کارکنوں کو بلانے سے سکیورٹی خدشات نہیں بڑھے تھے؟۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Qamar-zaman-kaira-sayas-PTI-Not-banned-1200x480.jpg)