جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کا حملہ ،بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی شہید

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی شہید ہو گئے جبکہ سات سپاہی زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی نے آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ اس دوران مزید 7 سپاہی زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔بریگیڈیئر برکی اور ان کی ٹیم نے مقابلے کے دوران دہشت گردوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور پاک فوج کے اس سینئر افسر نے مادر وطن کے امن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی دفاعی افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ملک کے ہر انچ سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کا بھرپور عزم کا اظہار کرتی ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہیدجبکہ تین دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں