اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں منعقدہ سول ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو خدمات عامہ کے شعبہ میں ان کی کاوشوں پر تمغہ امتیاز کا اعزاز عطا کیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق گورنر ہاوس سندھ سے جاری اعلامیہ کے مطابق کامران خان ٹیسوری ایک معروف کاروباری اور مخیر شخصیت بھی ہیں اور وہ 9 دفعہ بہترین ایکسپورٹرز ٹرافی اور تین مرتبہ بزنس مین آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں، اس کے علاوہ ایک مرتبہ گولڈن سن آف دی کنٹری کا اعزاز بھی انہیں دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہی کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری 9 اکتوبر 2022ء کو دے دی تھی۔گورنر سندھ کا عہدہ پاکستان تحریک انصاف رہنما عمران اسماعیل کے مستعقی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا۔دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے تمغہ امتیاز ملنے پر گورنر سندھ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایوارڈ آپ کی خدمات کا اعتراف ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس ایوارڈ کے لئے اللہ تعالی کے حضور سر بہ سجود ہوں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صوبہ کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے مزید محنت اور لگن سے کام کریں گے۔