لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے 23 مارچ کے موقع پر کہا کہ قائد اعظم نے نظریہ پاکستان یعنی دو قومی نظریہ (جو دراصل نظریہ اسلام ہے) کی بنیاد پر یہ ملک بنایا تھا ، افسوسناک بات ہے کہ اس نظریہ کو بھلانے کی وجہ سے ملک دولخت ہوا اور باقیماندہ بھی عدم استحکام کا شکار ہے، اس نظریہ کا احیاء وقت کی ضرورت ہے کیونکہ نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے ، نظریہ پاکستان حقیقت میں پاکستان کی بقا کی ضمانت ہے۔جن مشکلات میں ملک گھرا ہوا ہے ان سے نکلنے کا واحد راستہ یہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور مرکزی سیکرٹریٹ میں 23 مارچ کے حوالے منعقدہ تقریب میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اس نظریئے کے تحت پہلا ملک سعودی عرب قائم ہوا اور چودہ سوسال بعد پاکستان وجود میں آیا۔ہمارے آباو¿ اجداد نے اس ملک کے لئے قربانیاں دیں
لیکن آج ہم اس نظریئے کو بھول چکے ہیں جس کی وجہ سے ملک افرا تفری ،دہشت گردی ،مہنگائی، غربت ،بے روزگاری سمیت دیگر مسائل سے دو چار ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ نظریہ پاکستان کی ترویج حکومت کا فرض ہے اور اسے نصاب کا حصہ بنانا حکومت پر لازم ہے۔ تصور پاکستان کے شعور کو زندہ رکھنے اور لوگوں کے ذہنوں میں راسخ کرنے کے لئے ذرائع ابلاغ کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کی نظریاتی اساس کو مضبوط بنا کر ہی قومی اتحاد اور ملکی استحکام کے مقاصد پورے کئے جا سکتے ہیں۔
