ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے شاہی فرمان پر رمضان المبارک میں سینکڑوں قیدیوں کو رہا کرنےکا حکم دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم اور وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کی ہدایت پر قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔محکمہ جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ سرکاری حق کے قیدیوں کی رہائی کے خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے،وہ رمضان کا مہینہ اپنے اہل و عیال کے ساتھ گزار سکیں گے اور عید کی خوشیاں اپنے پیاروں کے درمیان رہ کر منا سکیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل محکمہ جیل خانہ جات نے قیدیوں کی رہائی کے لئے نئی مہم ”البشر“ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مالی حقوق کے قیدیوں کی رہائی کے لیے سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی عطیات جمع کرا سکتے ہیں،عطیات جمع کرنے کے خوہشمند ابشر کی’فرجت‘سروس میں جا کر قیدی کے بارے میں تمام کوائف اور معلومات حاصل کر سکتے ہیں،اسی طرح احسان پلیٹ فارم پر بھی’فرجت‘سروس کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے ذریعہ اہل خیر اپنے عطیات جمع کرا سکتے ہیں،فرجت سروس میں قیدی کی عمر،مالی حقوق کی تفصیل اور بقیہ رقم کے علاوہ دوسری بنیادی معلومات موجود ہیں۔