پشاور(سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے صوبے میں الیکشن کے لیے 8 اکتوبر کی تاریخ تجویز کر دی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات ملتوی کر چکا ہے، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی ایک تازہ لہر آئی ہوئی ہے، صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی کئی واقعات ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بعض واقعات میں سیکیورٹی فورسز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جن میں ایک بریگیڈئیر اور 7 جوان شہید ہو چکے ہیں،پنجاب کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی 8 اکتوبر کو انتخابات کرائے جائیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات رواں سال اکتوبر تک ملتوی کر تے ہوئے کہا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انتخابی عملی اور امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کی عدم دستیاب کو جواز بنایا گیا ہے،اس کے علاوہ وفاق کی فنڈز کی فراہمی نہ ہونے کو بھی انتخابات کے التواءکی وجہ بتایا گیا ہے،الیکشن کمیشن کی تمام تر کوششوں کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام ایگزیکٹو اتھارٹیز پنجاب میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے کمیشن کی مدد نہیں کر سکیں۔
