آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مابین تاریخی رابطوں کا آغاز، وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے تاریخ رقم کر دی

مظفرآباد (سٹاف رپورٹر)ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے مابین تاریخی رابطوں کا آغاز کر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے تاریخ رقم کر دی ہے ، رابطوں کی بحالی کے جس سفرکا آغاز اور افتتاح وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کیا ہے یہ سلسلہ رکنے والا نہیں بلکہ مزید بڑھے گا، حکومت آزاد کشمیر عید کے بعد پاکستان کے تمام بڑے شہروں سے آزاد کشمیر میں ٹورازم بس سروس شروع کر رہی ہے جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے مابین جس سفر کا آغاز وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید نے کیا،امید ہے کہ آنے والی نسلیں اسکو جاری رکھیں گی اور مستقبل میں دونوں خطے ایک دوسرے کے تجربات اور پوٹینشل سے فائدہ اٹھائیں گے۔ توصیف عباسی نے کہا کہ گلگت بلتستان مظفرآباد بس سروس کے اجراءسے دونوں خطوں کے مابین رشتے مضبوط ہوں گے اور ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور وزیر اعلیٰ بیرسٹر خالد خورشید کے وڑن کے مطابق دونوں حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں سے بس سروس شروع ہوئی، بس سروس کے اجراءسے ثقافتی و سماجی ہم آہنگی سمیت دونوں خطوں کے عوام کے مابین تاریخی رشتوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ صنعت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں