پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے کا معاملہ، پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے عام انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے جنرل سیکریٹری اسد عمر، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی،میاں محمود الرشید اور عبد الرحمٰن نے سپریم کورٹ میں مشترکہ درخواست دائر کی۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں وفاق، پنجاب، خیبرپختونخوا، وزارت پارلیمانی امور، وزارت قانون اور کابینہ کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔پی ٹی آئی نے عدالت عظمیٰ سے درخواست کی ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے آئینی مینڈیٹ اور عدالت کے فیصلے سے انحراف کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق 30 اپریل کو صوبے میں انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے ، سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان کرنے کی ہدایت کی جائے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت کی جانب سے 30 اپریل کو پنجاب میں الیکشن کرانے کا حکم جاری کیا گیا تھا اور عدالت نے یہ حکم برقرار رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں لیکن چند روز قبل الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے کو ٹھکراتے ہوئے پنجاب میں 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی کر دیئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں